اسلام آباد ( آن لائن) وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال 2020-21 میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا صورت حال کے تناظر میں بنیادی اشیائے ضرورت کیلئے نئی سبسڈی دینے پر غور شروع کر دیا ہے اس حوالے سے مختلف تجاویز پر متعلقہ وزارتوں سے بات چیت جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قحط اور مہنگائی سے نادار طبقے کو محفوظ رکھنے کے لئے یہ اقدامات اٹھایا جارہا ہے جس کے تحت آٹا ،چینی ،چاول ،دالوں اور دودھ پر سبسڈی غریب عوام کو دی جائے گی ،سبسڈی کیلئے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کو استعمال کیا جائیگا اس کے ساتھ ساتھ احساس پروگرام کے تحت بھی لوگوں کو مختلف اشیاء سستے داموں فراہم کی جائیں گی ،ملز مالکان اور سپلائرز کو بھی سبسڈی دی جا سکے گی تا کہ وہ بنیادی اشیاء کم قیمت پر سپلائی کر سکیں ،ذرائع کے مطابق سبسڈی کیلئے رقم کے حصول کے طریقہ کار کو بجٹ تقریر تک حتمی شکل دی جائے گی ،سبسڈی پیکج میں رقم کی ادائیگی کی شرائط طے کی جارہی ہیں ،پیکج کو کامیاب بنانے کے لئے سٹیٹ بینک کا پالیسی ریٹ مزید کم ہونے کا بھی امکان ہے ،بین الاقوامی اداروں سے پیکج کے لئے نئی گرانٹ اور آسان شرائط پر قرضہ بھی حاصل کیا جائیگا ۔