اسلام آباد (این این آئی)وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے مجوزہ بجٹ کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے رواں مالی سال کے محصولات اور اخراجات اور آئندہ بجٹ کے تخمینوں کا خاکہ پیش کیا۔ مشیر خزانہ نے آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ کی ترجیحات پر بھی وزیرِ اعظم کو تفصیلی طور پر بریف کیا ،وزیرِ اعظم کو ایف بی آر میں اصلاحات کے حوالے
سے اب تک کی پیش رفت پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہ صنعتی عمل کا فروغ اور کاروباری برادری کو ہر ممکن آسانیاں فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں کورونا سے متاثرہ صنعتی شعبے کی بحالی و فروغ ، حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈیز کے بہترین اور موثر استعما ل کو یقینی بنانے اور عوام پر پڑنے والے غیر ضروری حکومتی اخراجات کا بوجھ کم کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے اس امر پر زور دیا کہ آئندہ بجٹ میں غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانے پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کی ضروریات اس امر کی متقاضی ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں میں نجی شعبے کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے لہذا پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیرِ اعظم نے مشیر خزانہ کو ہدایت کی کہ ترقیاتی اخراجات کے حوالے سے تخمینوں کو صوبوں کی مشاورت سے حتمی شکل دی جائے۔