اسلام آباد(این این آئی) شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ اور ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیا ء نے کمیشن کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی ۔ذرائع کے مطابق شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیا نے وزیراعظم کے معاون خصوصی احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پیش کی۔ذرائع کے مطابق 346 صفحات پر مبنی شوگر کمیشن کی حتمی رپورٹ میں شوگر ملز مالکان پر ٹیکس چوری کا
الزام عائد کیا گیا ہے اور 200 سے زائد صفحات کی رپورٹ کے ساتھ شوگر ملز مالکان کے بیانات بھی لگائے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق فرانزک آڈٹ شوگر ملز کی پیداوار اور فروخت کے حوالے سے بھی تفصیلات شامل ہیں جبکہ چینی کے بے نامی خریدواروں کا ذکر اور ای سی سی کے فیصلے سے متعلق امور بھی شامل ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ میں وفاقی حکومت کی جانب سے چینی برآمد کرنے کی اجازت کا ریکارڈ بھی شامل ہے۔فرانزک آڈٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہیکہ چینی مافیا کی جانب سے سٹہ کیسے کھیلا گیا۔