اسلام آباد(سی پی پی)سپریم کورٹ نے کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کے عبوری حکم نامے میں قرار دیا ہے کہ آئین کے تحت وفاق کے پاس ایگزیکٹیو اختیارات ہیں اس لئے صوبے وفاقی اختیارات کا احترام کرتے ہوئے عملدرآمد یقینی بنائیں۔سپریم کورٹ نے کورونا وائرس ازخود نوٹس کیس کا عبوری حکم نامہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کورونا وائرس سے متاثرہ ملک ہے۔
کورونا کے مریضوں کی تعداد دن بدن بڑھ رہی ہے، کورونا وائرس سے کئی اموات ہوچکی ہیں اور کئی مصدقہ مریض موجود ہیں، کورونا وائرس حکومت کی ذمہ داریوں پر اضافی بوجھ ہے، حکومت نے وائرس کا سامنا کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے۔عبوری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی جدوجہد کرتی معیشت کو کورونا نے مزید جدوجہد میں ڈال دیا، عوام کا بنیادی حق ہے حکومت انہیں صاف اور صحت مندانہ ماحول فراہم کرے،آئین کے تحت وفاق کے پاس ایگزیکٹیو اختیارات ہیں، آئین کے تحت صوبے وفاق کے فیصلوں پر عملدرآمد کے پابند ہیں، صوبے وفاقی اختیارات کا احترام کرتے ہوئے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ این ڈی ایم اے، وفاق و صوبائی حکومتیں، گلگت بلتستان اور اسلام آباد کورونا وائرس کے خلاف کوششوں سے متعلق پیس رفت رپورٹ دیں۔عدالت عظمیٰ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ این ڈی ایم اے کورونا اور ٹڈی دَل سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، عدالت چیئرمین این ڈی ایم اے کی کورونا اور ٹڈی دَل کیخلاف کامیابی کے لیے دعا گو ہے۔