اسلام آباد /لاہور /کوئٹہ/پشاور(این این آئی)پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 3 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 58 ہوگئی جبکہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4072 تک پہنچ گئی ہے، اب تک سندھ اور خیبرپختونخوا 18، 18 اور پنجاب میں 16 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں ،گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان 2 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ۔
تفصیلات کے مطابق بدھ کو ملک میں کورونا وائرس کے اب تک مزید 65 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 3 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں جو پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سے رپورٹ ہوئیں۔اب تک پنجاب میں 26 کیسزاور ایک ہلاکت، بلوچستان 2 کیسز ایک ہلاکت، خیبرپختونخوا 27 کیسز ایک ہلاکت اور آزاد کشمیر میں مزید 10 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے اب تک مزید 26 کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2030 ہوگئی ،مزید ایک اور ہلاکت سے صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہوگئی ہے۔صوبے میں نئے کیسز کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بذریعہ سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کی۔صوبائی حکومت بزدار کے مطابق 572 تبلیغی جماعت سے منسلک افراد، زائرین سینٹرز میں 695، 49 قیدی اور 714 عام شہریوں میں اب تک کورونا کی تصدیق ہوچکی ہے۔پنجاب پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان نے بتایا کہ جناح ہسپتال میں مغل پورہ کا رہائشی 42 سال کا مریض انتقال کرگیا، انتقال کرنے والے مریض نے غیر ملکی سفر کیا اور نہ ہی کسی کنفرم مریض کے رابطے میں آیا۔خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس کے مزید 27 کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک ہلاکت بھی ہوئی جس کی تصدیق وزیر صحت تیمور خان کی جانب سے کی گئی۔وزیر صحت کے مطابق صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 527 ہوگئی ہے ،حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ورسک سے تعلق رکھنے والا 70 سالہ مریض انتقال کرگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی
مجموعی تعداد 18 ہوگئی۔وزیر صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص نے حال ہی میں تبلیغی مرکز کا دورہ کیا تھا۔وزیر صحت کے مطابق خیبرپختونخوا میں اب تک کورونا وائرس سے مجموعی طور پر 70افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔بلوچستان میں بدھ کواب تک کورونا کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں اور ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے جس کے صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 206 اور ہلاکتیں 2 ہوگئی ہیں۔
بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے نئے کیسز اور ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔دوسری جانب صوبے میں کورونا وائرس سے اب تک 75 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر میں اب تک کورونا کے مزید 10کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں ایک ڈاکٹر بھی شامل ہے۔وزیر صحت آزاد کشمیر کے مطابق بھمبر میں 6، میرپور میں 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور ایک ڈاکٹر بھی کورونا سے متاثر ہوا
جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 28 ہوگئی ہے۔سندھ میں ایک روز قبل کورونا کے مزید 54 کیسز سامنے آئے تھے اور ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی جو کراچی سے سامنے آئی تھی، اس کے بعد صوبے میں کیسز کی مجموعی تعداد 986 ہوگئی ہلاکتوں کی تعداد 18 ہوگئی تھی ،سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی تھی ۔گلگت بلتستان میں ایک روز قبل کورونا وائرس کا ایک کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد علاقے میں کیسز کی مجموعی تعداد 212 تک جا پہنچی تھی۔گلگت میں مہلک وائرس سے متاثرہ 43 مریض صحتیاب بھی ہوچکے ہیں ، 3 افراد وفات پاچکے ہیں۔