اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں مسلم لیگ ق نے عملی طور پر وزارت اعلیٰ سنبھال لی۔مسلم لیگ ق اور چیف سیکرٹری پنجاب کے درمیان اہم میٹنگ میں اختیارات کی تقسیم کا روڈ میپ تیار کر لیا گیا۔
جیونیوز کے مطابق پنجاب میں مسلم لیگ ق نے عملی طور پر وزارت اعلیٰ سنبھال لی لیکن وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔مسلم لیگ ق کے رہنما اور چیف سیکرٹری اعظم سلیمان کے درمیان ہونے والی انتہائی اہم میٹنگ میں اختیارات اور ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کا روڈ میپ تیار کر لیا گیا ہے۔جس کا اشارہ مونس الٰہی نے سینئر صحافی حامد میر سے گفتگو میں دیا۔اختیارات کی تقسیم پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار پریشان ہیں اور جہانگیر ترین کو شکایت بھی کی ہے۔ بتایا گیا کہ عثمان بزدار اس تبدیلیوں پر خاصے پریشان ہیں کیونکہ اس طرح عملی طور ان کا اختیار صفر ہو جاتا ہے۔کیونکہ چیف سیکریٹری کو ق لیگ براہ راست ہدایات دے سکے گی اور انہوں نے اپنے سادہ انداز میں جہانگیر ترین کو شکایت کی کہ میں تو پریشانی کی وجہ سے ساری رات سو بھی نہیں سکا۔