اسلام آباد ( آن لائن )دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر سے تربیلاڈیم کی زندگی مزید 35سال بڑھ جائے گی اور غازی بروتھا، جناح ہائیڈروپاور پراجیکٹ اور چشمہ کے بجلی کے منصوبوں کی استعداد میں بھی اضافہ ہو جائے گا۔ واپڈا ذرائع کے مطابق دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر 12 سے 14 ارب ڈالر لاگت کا اندازہ ہے اور یہ چلاس سے 40کلومیٹر نیچے دریائے سندھ پر تعمیر کیا جائے گا۔ڈیم کی اونچائی 272میٹر ہو گی اور اس میں 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ
کیاجاسکے گا۔ دیامر بھاشا ڈیم سے مجموعی طورپر 4500میگاواٹ بجلی حاصل ہو گی اور سالانہ 18 ارب یونٹس سے زائد ماحول دوست اور سستی بجلی حاصل ہوگی۔ منصوبے کو تکمیل سے تربیلا، غازی بروتھا، جناح ہائیڈروپاور پراجیکٹ اور چشمہ کے بجلی کے منصوبوں کی پیداوار تقریباً سالانہ 2ارب 50کروڑ یونٹس بڑھ جائے گی جبکہ داسو، پتن اور تھاکوٹ پاور پراجیکٹس جیسے مستقبل کے منصوبوں سے بھی مزید ساڑھے 7 ارب یونٹس کااضافہ ہوگا۔