لاہور (آن لائن) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پنجاب کی صوبائی کابینہ میں شامل وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ایک خفیہ مانیٹرنگ سیل قائم کر دیا ہے اس سلسلے میں پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ قائم کئے گئے خفیہ مانیٹرنگ سیل کا براہ راست رابطہ وزیراعظم سے ہوگا سیل کتنے افراد پر مشتمل ہے اور سیل میں کون کون لوگ شامل ہیں۔ اس بارے میں ماسوائے وزیراعظم عمران خان کے پاکستان تحریک انصاف کا کوئی رہنماء یا
رکن قومی یا پنجاب اسمبلی نہیں جانتا ۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ پی ٹی آئی کا خفیہ مانیٹرنگ سیل تمام صوبائی وزراء کی کارکردگی کو مانیٹر کریگااور ہر ماہ اپنی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو ارسال کریگا۔۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خراب کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے وزراء کو مذکورہ خفیہ مانیٹرنگ سیل کی جانب سے پہلے وارننگ نوٹس جاری کیا جائیگا اور اگر اس وزیر نے اپنی کارکردگی پھر بھی بہتر نہ بنائی تو اس وزیر کی وزارت تبدیل کر دی جائیگی۔