اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ روز وزیراعظم کے بنی گالہ سے پی ایم ہاؤس تک کے اخراجات 50 سے 55 روپے کلو میٹر بتائے تھے جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔اسی تناظر میں ایوی ایشین معاملات کے ماہر نے وزیراعظم کے ہیلی کاپٹر کے استعمال پر آنے والے خرچ کا تخمینہ پونے 4 لاکھ روپے لگایا ہے۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ایوی ایشن ایکسپرٹ میجر ریٹائرڈ محمد ظہیر نے بتایا کہ وزیراعظم کے زیر استعمال ہیلی کاپٹر اے ڈبلیو
139 کافی گھنٹہ خرچہ تین لاکھ 70 ہزار 900 روپے ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے خرچ کا تخمینہ اس کے اسٹارٹ ہونے کے بعد سے بند ہونے تک کے وقت پر لگایا جاتا ہے۔میجر ریٹائرڈ ظہیر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے ہیلی پیڈ سے بنی گالہ اور پھر بنی گالہ سے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے کے پورے عمل میں 35 سے 40 منٹ لگتے ہیں اور اس پورے عمل میں تقریباً 2 لاکھ روپے خرچ ہو جاتے ہیں۔واضح رہے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے عمران خان کے ہیلی کاپٹر کے استعمال کا دفاع کیا گیا ہے۔