اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت کی جانب سے شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدا ن سو نپ دیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اس کی حتمی منظوری بھی دیدی ہے‘وہ وزارت کے عہدے کا حلف صدارتی انتخابات سے قبل اٹھائیں گے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے شہریار آفریدی کو وزیرمملکت داخلہ بنانے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی حتمی منظوری کے بعد کیا جس کانوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے شہریار آفریدی کو وزارت داخلہ کے تمام امور دیکھنے کی خصوصی ہدایت بھی کی ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت داخلہ حکام نے وزیراعظم کو داخلہ امور پر بریفنگ دی تھی جبکہ بریفنگ میں شہریار آفریدی کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے شہریار آفریدی گزشتہ دور حکومت میں تحریک انصاف کی جانب سے رکن قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں۔