اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم عمران خان نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کیخلاف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں آواز اٹھانے کا اعلان کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق سینٹ اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہمیں گستاخانہ خاکے کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں ،اس سلسلے میں او آئی سی کا بھی اجلاس بلایا جائے جس میں اس مسئلے کو اجاگر کیا جائے ۔واضح رہے کہ اس سے پہلے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف تحریک لبیک پاکستان نے بدھ کو
لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔لانگ مارچ 29اگست کو داتا گنج بخش ؒکے مزار سے روانہ ہوگا اور حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا جائے گا کہ ہالینڈ کی حکومت کیساتھ سفارتی تعلقات منقطع کریں۔پیر افضل قادری ، خادم حسین رضوی اور دیگر رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ دشمنان اسلام ناموس پر حملہ آور ہو چکے ہیں،یہ سارا کام آزادی کے نام پر کیا جا رہا ہے،ڈیڑھ ارب مسلمانوں میں سے ایک مسلمان بھی اس کام پر راضی نہیں،یہ آزادی نہیں جہالت ہے۔