اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے مضبوط اور جاندار اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کے لئے پیپلزپارٹی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ انہوں نے بھی پیپلزپارٹی کو تحریک انصاف کی بغل بچہ پارٹی قرار دیا۔ متفقہ صدارتی امیدوار لانے کے معاملے میں لیگی رہنماؤں کو پیپلزپارٹی سے مزید مشاورت کرنے سے منع کر دیا اور انہیں ہدایت جاری کی کہ وہ مولانا فضل الرحمان کو ووٹ دیں ۔ تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر کمرہ عدالت کے اندر لیگی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے
انہوں نے بتایا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ(ن) مزید ایک ساتھ نہیں چل سکتی ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جمہوریت کی بقاء کے لئے ضروری تھا کہ دونوں بڑی سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں ۔ جعلی مینڈیٹ سے آنے والی حکومت کو آہنی اور قانونی طریقے سے ہٹانے کے لئے پیپلزپارٹی کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے تھا ۔ دریں اثناء میاں نواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں کی خاطر خواہ تعداد موجود نہ تھی ۔جس کی وجہ سےان کا ہشاش بشاش چہرہ مرجھایا ہوا تھا ۔