لاہور (آن لائن) نیب نے عثمان بزدار کو کرپشن الزامات سے بری کر دیا، نیب کا اعلامیہ جاری ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ عثمان بزدار کیخلاف 2 برس قبل بطور تحصیل ناظم غیر قانونی بھرتیاں کروانے کی شکایت موصول ہوئی تھی، تحقیقات کے بعد ان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا تھا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے نامزد کیے گئے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار پر لگنے والے کرپشن الزامات اور نیب کیس سے متعلق وضاحتی اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔
نیب کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نامزد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کیخلاف 2 برس قبل بطور تحصیل ناظم غیر قانونی بھرتیاں کروانے کی شکایت موصول ہوئی تھی۔ شکایات پر نیب کی جانب سے مکمل تحقیقات کی گئی تھیں۔ تحقیقات کے بعد ان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ملا تھا۔ اسی لیے عثمان بزدار کی فائل بند کر دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ آج پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہونا ہے۔عثمان بزدار پی ٹی آئی کے امیدوار ہیں جبکہ حمزہ شہبازشریف ن لیگ کے امیدوار ہیں۔