لاہور (سی پی پی) مسلم لیگ (ن)کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ این اے 131 کے اگر تھیلے کھل جاتے تو عمران خان کی اصلیت ظاہر ہوجاتی اور ان کی اصلیت یہ ہے کہ انہوں نے الیکشن چوری کیا۔پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فرشتوں کی جماعت جھوٹ فریب کی بنیاد پر نیا پاکستان کیا بنائے گی، ہارس ٹریڈنگ کی بنیادپرحکومت بنانیکی کوشش کی جارہی ہے، مرکز کی طرح انہیں یہاں سادہ اکثریت نہیں ملی۔
مسلم لیگ (ن) کو اگر اپوزیشن میں بیٹھنا پڑا تو بیٹھے گی، اگر ہم اپوزیشن میں بیٹھے تو عمران خان کو دن میں تارے نظرآئیں گے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی لیڈر این اے 131 کی ری کاؤنٹنگ کے لیے تیار نہیں، این اے 131 کی ری کاؤنٹنگ سے بھاگ گئے ہیں، ریٹرننگ افسر سے سپریم کورٹ تک کوشش کی گئی کہ تھیلے نہ کھلیں، این اے 131 کے اگر تھیلے کھل جاتے تو عمران خان کی اصلیت ظاہر ہوجاتی، عمران خان کی اصلیت یہ ہے کہ انہوں نے الیکشن چوری کیا۔