کراچی(نیوز ڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے تحریکِ انصاف سے کیئے گئے مطالبے سامنے آگئے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان نے مطالبہ کیاہے کہ اسے وفاق میں دو وزارتیں دی جائیں۔نجی ٹی وی چینل کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان پی ٹی آئی حکومت کی وفاقی کابینہ کا حصہ بننا چاہتی ہے، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی سے مطالبہ کیا ہے کہ اسے وفاقی کابینہ میں 2 وزارتیں دی جائیں۔یہ مطالبہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز اسلام آباد کے ایک نجی
ہوٹل میں عمران خان کی جانب سے نو منتخب ارکانِ قومی اسمبلی کو عشائیے کی دعوت دی گئی اور اس میں ایم کیو ایم کے وفد نے بھی شرکت کی۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے شعبہ تعلیم، صحت یا انفارمیشن ٹیکنالوجی(آئی ٹی)کی وزارتوں میں سے کوئی دو وزارتیں مانگی ہیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے مطالبے پر پی ٹی آئی کی اعلی قیادت غور کر رہی ہے، تاہم ایم کیو ایم کو کابینہ میں کتنا حصہ ملے گا، اس کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔