اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزا ہونے کے بعد سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ اڈیالہ جیل میں ہر جمعرات کو ان تینوں سے ملاقات کروائی جاتی ہے، گزشتہ جمعرات کو بھی ان کے اہل خانہ، لیگی رہنماؤں اور صحافیوں نے ملاقات کی، اس ملاقات کے حوالے سے سینئر صحافی ابصار عالم نے بتایا کہ کیپٹن صفدر کا جیل میں حوصلہ بلند دکھائی دیتا ہے وہ بہت تازہ دم لگ رہے تھے،سینئر صحافی نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر نے بتایا کہ جیل سے باہر
نکلتے ہی سب سے پہلے بری امام کے مزار پر حاضری دے کر سلام پیش کروں گا۔ ایک موقر قومی اخبار میں اعزاز سید نے ان کے بارے میں لکھا کہ کیپٹن (ر) صفدر ملاقاتیوں سے مسکرا مسکرا کر ملتے ہیں، ان کا وزن مزید کم ہوا ہے مگر چہرے پر پہلے سے زیادہ تازگی ہے، ایک خبر میں صحافی ابصارعالم نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں جمعرات کو جب لوگ سابق وزیر اعظم نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر سے ملنے گئے تو سب سے پہلے نواز شریف نے مقبول نعت خواں عبد الرزاق جامی سے میاں محمد بخش کا کلام سنا۔