اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیف جسٹس آف پاکستان کی پاکپتن میں بابا فریدؒ کے مزار پر حاضری، قبر پر پھولوں کی پتیاں اور چادر چڑھائی، ملک و قوم کی ترقی اور حفاظت کیلئے دعائیں۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے پاکپتن میں بابا فریدؒ کے مزار پر حاضری دی ہے۔ چیف جسٹس آف پاکستان سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کیسز کی سماعت کے بعد
پاکپتن روانہ ہوئے تھے جہاں انہوں نے بابا فریدؒ کے مزار پر حاضری دی ۔ اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان نے مزار پر پھولوں کی پتیاں اور چادر چڑھائی۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور ملک و قوم کی ترقی اور حفاظت کیلئے دعائیں بھی کیں۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان بھی بابا فریدؒ کے مزار پر ہر ماہ میں ایک یا دو بار ضرور حاضری دیتے ہیں۔ پاکپتن عمران خان کا اب سسرال بھی بن چکا ہے اور ان کی تیسری اہلیہ بشریٰ بی بی کا تعلق بھی پاکپتن سے ہے اور وہ بابا فرید ؒ کی معتقد ہیں جبکہ الیکشن سے قبل دونوں میاں بیوی بھی بابا فریدؒ کے مزار پر حاضری دے چکے ہیں اور اس موقع پر عمران خان کی جانب سے مزار کی چوکھٹ چومنے کے معاملے پر بڑا تنازعہ بھی کھڑا ہو گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے مزار کے سامنے سجدہ کیا ہے جس کی وضاحت دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سجدہ نہیں بلکہ عقیدت سے مزار کی چوکھٹ چومی تھی۔اس موقع پر عمران خان اور بشریٰ بی بی کے ہمراہ زلفی بخاری اور اون چوہدری بھی موجود تھے۔ عمران خان نے مزار پر کافی وقت گزارا تھا جبکہ اس موقع پر انہوں نے مزار میں خصوصی دعائیں بھی کی تھیں جبکہ اس موقع پر بابا فریدؒ کے مزار کے سجادہ نشین نے عمران خان کی دستار بندی بھی کی تھی۔عمران خان نے رات گئے بابا فریدؒ کے مزار پر پہنچے تھے اور رات کو ہی واپس اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئے تھے۔