اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کا نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ کیلئے انٹرپول سے رابطہ۔ تفصیلات کے مطابق نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ کیلئے ایف آئی اےکی جانب سے حکومت پاکستان کی طرف سے انٹرپول کے فرانس میں قائم ہیڈکوارٹر کو درخواست بھیجی گئی ہے ۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق درخواست میں انٹرپول کو کہا گیا ہے کہ اور حسین نواز احتساب عدالت کے ریفرنسز میں اشتہاری قرار
دیئے گئے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی جانب سے حسن اور حسین نواز کے ریڈ وارنٹ کے لیے جمعرات کو درخواست بھیجی گئی جس میں کہا گیا کہ پاکستان میں عدالت نے دونوں ملزمان کے دائمی وارنٹ جاری کر رکھے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دونوں صاحبزادےایون فیلڈ، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نامزد تھے، جن کی مسلسل غیر حاضری پر احتساب عدالت نے ان کا کیس الگ کرتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دیا تھا۔