اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نواز شریف کی ناساز طبیعت کے باعث پمز کی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی۔جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو طبی معائنے کے لیے سیل سے نکال کر جیل ہسپتال منتقل کردیا گیا جہاں پمز ہسپتال کی میڈیکل ٹیم موجود ہے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف کے علاج کے لیے میڈیکل ٹیم جدید موبائل لیبارٹری بھی ہمراہ لے کر آئی ہے۔آئی جی جیل خانہ جات کی درخواست پر نواز شریف کے علاج کے لیے 5 رکنی میڈیکل بورڈ بھی تشکیل دے دیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق نواز شریف کا علاج کرنے والے میڈیکل بورڈ کے انچارج ڈاکٹر اعجاز قدیر ہیں جب کہ ڈاکٹر شجیع صدیقی، ڈاکٹر نعیم ملک، ڈاکٹر سہیل تنویر اور ڈاکٹر مشہود بھی میڈیکل بورڈ کے ممبرز ہیں۔اس سے قبل آئی جی جیل خانہ جات نے سابق وزیراعظم کی صحت سے متعلق جائزے کے لیے پمز سے میڈیکل بورڈ بنانے کی درخواست کی تھی۔واضح رہے کہ نوازشریف کے دل کی دھڑکن بے ترتیب، بلڈ پریشر نارمل نہیں ، شوگر بھی بڑھ گئی ہے۔