اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک )انتخابی مہم کے دوران خودکش حملے میں شہید ہونیوالے تحریک انصاف کے سابق صوبائی وزیر سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور پر حملے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے خراسانی گروپ نے قبول کر لی۔ میڈیا ہاؤسزکو جاری بیان میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان نے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ اکرام اللہ خان گنڈہ پور پر حملہ خراسانی گروپ کے ایک ذیلی گروپ نے کیا جس میں اکرام اللہ گنڈہ پور زخمی ہوئے اور بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ۔
کالعدم تنظیم کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ طالبان جنگجوؤں کو مارنے کا بدلہ لینے کیلئے حملہ کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقہ محلہ کمال خیل میں نوری دربار کے قریب انتخابی مہم کے دوران سابق صوبائی وزیرزراعت خیبرپختونخواوامیدوار پی کے 99کلاچی سرداراکرام اللہ خان گنڈہ پور کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا جب وہ گاڑی میں سوار اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں محوسفر تھے۔ حملے میں وہ اورگاڑی میں سوار چار افراد شہید ہو گئے جبکہ محافظ عبدالرزاق محفوظ رہا۔