راولپنڈی (نیوز ڈیسک) سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کے لیے جمعرات کا دن رکھا گیا تھا، جمعرات کے دن چار بجے تک ملاقات کا سلسلہ جاری رہا، میاں نواز شریف سے ان کے خاندان کے علاوہ لیگی رہنماؤں اور پاکستان بار کونسل کے وفد نے بھی ملاقات کی۔ میاں نواز شریف نے بار کونسل کے وفد سے ملاقات میں جیل حکام کے خلاف شکایتوں کے انبار لگا دیے، میاں نواز شریف نے کہا کہ گھر سے کھانے کے لیے چیزیں آتی ہیں تو بتایا نہیں جاتا، انہوں نے کہاکہ اکثر چیزیں اس وقت دی جاتی ہیں جب وہ خراب
ہو چکی ہوتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جیل میں انہیں سڑا ہوا کھانا دیا جاتا ہے اور بیت الخلاء انتہائی بدبودار ہے جس کی وجہ سے استعمال کرنا نہایت ہی مشکل ہے، میاں نواز شریف نے انہیں بتایا کہ اے سی اور ٹی وی کی سہولت بھی نہیں دی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ پہلی رات کو انتہائی پتلا گدا دیا گیا لیکن بعد میں لوہے کی چارپائی دی گئی۔ پاکستان بار کونسل کے کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف قید تنہائی میں ہیں اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی بیرک ان کی بیرک سے آدھے کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔