اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو آج اڈیالہ جیل میں قید ہوئے چوتھا روز ہے۔ دونوں کو 13 جولائی کی شب اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔ تاہم اب دونوں مجرموں کو کسی اور جیل منتقل کرنے کے لیے مشاورت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق مظاہروں کی شکل میں نوازشریف اور مریم نواز کے حق میں اڈیالہ جیل میں لیگی خواتین و دیگر کارکنان کی آمد سے اڈیالہ جیل کی سیکیورٹی خطرے سے دو چار ہو گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ اسی خطرے کے پیش نظر نواز شریف اور مریم نواز کو کسی اور جیل منتقل کیے جانے کا امکان ہے جس کے لیے مشاورت بھی شروع کر دی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ہمہ وقت رش کسی بھی وقت ناگہانی صورتحال پیداکرسکتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی کسی اور جیل منتقلی کا آپشن زیر غور لایا گیا ہے جس پر مشاورت کے بعد جلد حتمی فیصلہ کر لیا جائیگا۔