راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے 40 سال کے بعد ایرانی ہم منصب کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں ملکوں کے سپہ سالاروں کے درمیان دفاعی تعاون ، پاک ایران بارڈر مینجمنٹ سمیت خطے کی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل ڈاکٹر باغیری نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا اور شہداء کے مزار پر حاضری دی جس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے وفود کی
سطح پر ملاقات کی اور ملاقات میں باہمی دلچسپی کی صورت حال اور دوطرفہ تعلقات سمیت ملٹری تعلقات بڑھانے پر بات چیت کی گئی ۔اس موقع پر ایرانی آرمی چیف نے پاک ایران مسلح افواج میں تعاون مزید بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک میں ملٹری تعلقات مضبوط ہونے سے خطے کی صورت حال مثبت اثرات مرتب ہوں گے جبکہ میجر جنرل ڈاکٹر محمد باغیری نے حالیہ پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی اور دہشتگردی کے لئے پاک فوج کی خدمات کو سراہا ۔