اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی جانب سے ملک بھر میں سوگ کے اعلان پر وزارت داخلہ اسلام آباد میں عملدرآمد نہ کراسکی سپریم کورٹ کی عمارت کے علاوہ ایوان صدر وزیر اعظم ہاؤس اور پارلیمنٹ ہاؤس سمیت دیگر اہم سرکاری عمارتوں پر پرچم لہراتا رہا ۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی جانب سے وزارت داخلہ کو اتوار کے روز ملک بھر میں یوم سوگ منانے کی ہدایت کی گئی تھی جس کا نوٹیفکیشن بھی وزارت داخلہ نے جاری کردیا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخواہ میں دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر اتوار کو ملک بھر میں یوم سوگ منایا جائے گا اور سرکاری عمارتوں پر پرچم سرنگوں رہے گا لیکن اتوار کے روز ایوان صدر ،وزیر اعظم ہاؤس سمیت پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہراتا رہا ۔