اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والے دھماکے کی عالمی برادری نے شدید مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر ممنون حسین سے اپنے تعزیتی پیغام میں مستونگ دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اس مجرمانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے ،
سعودی حکومت اور عوام کو شہداء کے لواحقین اور تمام پاکستانی عوام سے دلی ہمدردی ہے۔شاہ سلمان نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سعودی حکومت اور عوام اس مصیبت کی گھڑی میں پاکستان کیساتھ ہیں اور پاکستان اور پاکستانی عوام کی حفاظت کیلئے اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی صدر ممنون حسین کو سانحہ مستونگ پر تعزیتی پیغام بھیجا ہے۔جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے نگران وزیراعظم ناصرالملک کے نام تعزیتی پیغام میں مستونگ خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں انتخابی مہم میں دہشت گرد حملے پر شدید دکھ ہوا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے پاکستانی عوام کوجمہوری حقوق سے محروم کرنے کی کوشش ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے دھماکوں میں مرنے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی عوام کے ساتھ ہے۔یورپی یونین نے مستونگ میں انتخابی جلسے میں خودکش دھماکے میں انسانی جانوں کے ضیاع کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔یورپی یونین نے کہا ہے کہ
حالیہ حملوں کی مکمل تفتیش کی اشد ضرورت ہے اور توقع ہے پاکستانی حکام انتخابی سرگرمیوں کی سیکیورٹی یقینی بنائیں گے۔پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے اپنے ایک بیان میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی جمہوری عمل میں رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔قطری وزارت خارجہ نے مستونگ میں خود کش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے پاکستان اور شہید ہونیوالوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیاہے۔