لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)نیب اور ایف آئی اے نے نواز شریف اور مریم نواز کو طیارے میں گرفتار کر لیا ہے ، نواز شریف اور مریم نواز کے پاسپورٹ ایف آئی اے کے حوالے کر دیے گئے ہیں، ان دونوں کو علامہ اقبال ائیرپورٹ پر ایک خصوصی طیارے کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا، واضح رہے کہ جب میاں نواز شریف اور مریم نواز کی ابوظہبی سے پرواز لاہور پہنچی تورینجرز ، پولیس ، نیب اور ایف آئی اے کی ٹیمیں طیارے میں داخل ہو گئی ،
اے آر وائی ٹی وی کے مطابق طیارے میں موجود لیگی کارکنان نے اس موقع پر میاں نواز شریف کو اپنے حصار میں لے لیا اور رینجرز اور پولیس اہلکاروں سے ہاتھ پائی کی گئی ، لیکن کچھ دیر بعد نیب کی ٹیم نے نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر لیا، اس موقع پر رینجرز ، پولیس اور ایف آئی اے کے اہلکار بھی موجود تھے، اس سے قبل لیگی کارکنان کا کہنا تھا کہ طیارے کے ساتھ ٹیوب لگائی جائے تو تب نواز شریف اتریں گے، اس موقع پر سکیورٹی اہلکاروں نے مسافروں سے کہا کہ وہ فوراً طیارے سے اتر جائیں اور مسافروں کو انتباہ کیا گیا کہ اگر کسی نے مزاحمت کی تو اسے گرفتار کرکے مقدمہ قائم کیا جائے گا، رینجرز اور پولیس کے بعد نیب کی ٹیم ایف آئی اے کی ٹیم کے ہمراہ نواز شریف کے گرفتاری کے وارنٹ لے کر طیارے میں پہنچ گئی ، جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ میاں نوازشریف اور مریم نواز کو خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد پہنچایا گیا جہاں سے انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے استقبال کے لیے جانے والے لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، نگران حکومت کی جانب سے جگہ جگہ رکاوٹیں رکھی گئی تھیں اس کے علاوہ موٹر وے اور جی ٹی روڈ کے بھی کچھ حصوں کو بند کر دیا گیا تھا ،
اس ن لیگ کے کئی کارکن اور رہنما لاہور ہی نہ پہنچ سکے ، اس سے قبل حکومت نے لیگی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریاں بھی کی تھیں لیکن ہائی کورٹ کے حکم کے بعد انہیں چھوڑنا پڑا، لاہور میں بعض مقامات پر پولیس اور لیگی کارکنوں میں نونک جھونک بھی دیکھنے میں آئی، لیگی کارکنوں نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور پولیس کی ایک گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیے، مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے ریلی کی قیادت کی ان کے ساتھ ہزاروں کی تعداد میں لوگ تھے ،
غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق ان کے ساتھ دس ہزار کے قریب افراد تھے، شہباز شریف ریلی میں سب سے آگے گاڑی میں موجود رہے اور لیگی رہنما کنٹینر پر موجود تھے ، اس کنٹینر پر پرویز رشید، طلال چوہدری، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ اس موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے نعرے بازی کی اور شہباز شریف کی گاڑی پر پھول نچھاور کئے۔ واضح رہے کہ پنجاب بھر میں سکیورٹی فورسز اور پولیس نے کریک ڈاؤن کیا،
لاہور جانیوالے ن لیگ کے متعدد رہنماؤں و کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد میں تاندالیانوالہ کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری نے نواز شریف کے استقبال کیلئے لاہور جانیوالے ن لیگ کے سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس کی بھاری نفری نے اچانک ن لیگی کارکنوں کے قافلے کو گھیرے میں لیکر پکڑ دھکڑ شروع کر دی۔ دوسری جانب پنجاب کے متعدد شہروں سے موبائل سروس اور انٹرنیٹ سروس معطل ہونے کی خبریں بھی موصول ہوتی رہیں۔