لندن (نیوز ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے قائد وسابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بے اصولی کا قائل نہیں ،جو کچھ ہو رہا ہے میرا فرض ہے عوام کے نوٹس میں لاؤں،ملک سے باہر ہی رہنے کے پیغامات موصول ہوئے ہیں ،الیکشن میں بدترین دھاندلی کا ارتکاب ہو رہا ہے،
کارکنوں کی گرفتاریوں جیسے اقدامات انتخابات سے قبل دھاندلی کے مترادف ہیں، ایسے اقدامات سے ملک کے لئے گھناؤنے نتائج نکلیں گے، نظر آرہا ہے ملک بربادی کی طرف جارہا ہے، اپنے ملک کو برباد نہیں ہونے دینگے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد نواز شریف نے کہا کہ بے اصولی کا قائل نہیں ہوں جو کچھ ہو رہا ہے میرا فرض ہے کہ عوام کے نوٹس میں لاؤں۔ انہوں نے کہا کہ پیغامات موصول ہوئے ہیں کہ میں ملک سے باہر ہی رہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کس قسم کے انتخابات کرانے جارہے ہیں، لاہور سمیت پنجاب میں (ن) لیگ کے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہو رہی ہے، باقی پارٹیاں انتخابی مہم چلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کا ارتکاب ہو رہا ہے، گرفتاریوں جیسے اقدامات انتخابات سے قبل دھاندلی کے مترادف ہیں، ایسے اقدامات سے ملک کے لئے گھناؤنے نتائج نکلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے کارکنوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔ امیدواروں کو ڈرایا، دھمکایا جارہا ہے یہ جو کچھ ہو رہا ہے سب کے نوٹس میں آچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں اورگردونواح میں کارکنوں کی پکڑ دھکڑ ہو رہی ہے امیدواروں کو ڈرا، دھمکا کر تحریک انصاف جوائن کرائی گئی ۔ نظر آرہا ہے کہ ملک بربادی کی طرف جارہا ہے، ہم اپنے ملک کو برباد نہیں ہونے دینگے۔