اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)دیا میر اور بھاشا ڈیمز کی تعمیر کیلئے سب بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں ،چیف جسٹس کی جانب سے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ،گزشتہ رات چیئرمین سینٹ اور قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے 15لاکھ دئیے اور اب آرمی چیف نے بھی اس فنڈ میں حصہ دینے کا اعلان کیا ہے ،ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ آرمی چیف ڈیمز فنڈ میں ایک ماہ کی تنخواہ جمع کرائینگے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روزپاک فوج کے جوانوں نے دو روز کی تنخواہ بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کیلئے دینے کا اعلان کیا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے جوان قومی کاز کیلئے فنڈ میں ایک دن کی تنخواہ دیں گے اور بھاشا ڈیم کیلئے ایک دن کی تنخواہ کے ساتھ ساتھ مہمند ڈیم کی تعمیر میں بھی پاکستان کی تینوں مسلح افواج کے جوان اپنی ایک دن کی تنخواہ دینگے جبکہ تینوں مسلح افواج کے افسران دو دن کی تنخواہ بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کیلئےقائم فنڈ میں جمع کروائیں گے۔