راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک )نیب حکام نے اعلان کیا ہے کہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی معاونت کرنے والوں اور پناہ دینے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔نجی نیوز چینل کے مطابق نیب حکام نے کہا ہے کہ نیب افسران کو کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری سے روکنے کے لیے معاونت کرنے والوں کی ویڈیوز کے ذریعے شناخت کی جا ئے گی جس کے بعد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی معاونت کرنے والوں اور پناہ دینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سزا یافتہ مجرم ہیں ،میڈ یا اس کی تشہیر سے گریز کرے کیونکہ ان کی تشہیر سے لا قانونیت کا خطرہ ہے۔نیب حکام نے مزید کہا کہ میڈ یا کو چاہیے کہ مجرم کی تشہیر سے گریز کریں۔واضح رہے کہکل جب نیب افسران راولپنڈی میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار کرنے کے لیے لیگی رہنماؤں کی ریلی میں پہنچے تھے تو لیگی کارکنان نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو حصار میں لے لیا تھا جس کی وجہ سے نیب افسران کی دو رکنی ٹیم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو گرفتار نہیں کر سکی تھی۔لیکن بعدازاں انہیں گرفتار کرلیا گیا۔