لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)نیب لاہور نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے گھر پر چھاپہ مار کر اہم فائلز اور ریکارڈ قبضے میں لے لیا،چھاپہ مار ٹیم نے قبضے میں لئے گئے 2 لیپ ٹاپ اور 5 موبائل فون فارانزک معائنے کیلئے بھجوا دیئے۔نجی ٹی وی نے نیب ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ چھاپہ مار ٹیم نے فواد حسن فواد کے گھر کی تلاشی کے دوران 2 لیپ ٹاپ اور 5 موبائل فون بھی اپنی تحویل میں لے کر فارانزک معائنے کیلئے بھجوا دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد کے موبائل فونز میں سے ایک بلیک بیری ہے جس کا پاس ورڈ نیب حکام نے فواد حسن فواد سے حاصل کر لیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے بیگ سے 30 سے زائد یو ایس بیزبھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔واضح رہے کہ فواد حسن فواد کو جمعرات کے روز نیب نے حراست میں لیا تھا جس کے بعد گزشتہ روز احتساب عدالت نے 14 روز کے جسمانی ریمانڈ پر انہیں نیب کی تحویل میں دیا گیا ہے۔