لاڑکانہ(مانیٹرنگ ڈیسک)سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے لاڑکانہ میں ماتحت عدالتوں کے دورے کے دوران ایڈیشنل سیشن جج کا موبائل لے کرٹیبل پرپٹخ دیا۔ ہفتہ کو لاڑکانہ میں چیف جسٹس ثاقب نثارنے سیشن کورٹ کا اچانک دورہ کیا اورمختلف سماعتوں کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران چیف جسٹس ایک عدالتی کارروائی کا جائزہ لیتے ہوئے ایڈیشنل سیشن جج کا موبائل لے کر میز پر پٹخ دیا اور کہا کہ آپ اپنا موبائل گھر پر رکھ کرآیا کریں۔
چیف جسٹس نے پوچھا کہ صبح سے آپ نے کتنے کیسزسنے ہیں، جج نے کہا کہ انہوں نے 3 کیسزسنے ہیں، جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اتنی سست روی سے کام ہوگا توانصاف کیسے دیا جائے گا۔ سندھ اور پاکستان کس جانب جارہا ہے، لاپتہ افراد سے متعلق معاملات پر آپ کیا کررہے ہیں ٗکیسز جلدی نمٹائے جائیں، جوڈیشل سسٹم سے شرمندہ ہوں۔دوسری جانب چیف جسٹس نے جسٹس بارمیں وکلا سے ملاقاتیں کی اور کہا کہ میں آپ کی ہڑتالوں سے گھبرانے والا نہیں ہوں۔