اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ انتخابی ٹکٹ صرف ان امیدواروں کو جاری کیے جو الیکشن لڑنے کی سائنس جانتا ہے۔انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر بنی گالہ میں دھرنے پر بیٹھے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ انصاف کیلئے 126 دن ڈی چوک میں دھرنا دیا لیکن اس سے بھی مشکل کام ٹکٹوں کی تقسیم ہے۔
انہوں نے کہاکہ ساڑھے 4 ہزار لوگوں نے ٹکٹ کیلئے اپلائی کیا تھا، ہم نے امیدواروں کو ٹکٹ دیے، لوگوں نے اعتراض کیا جس پر ہم نے نظر ثانی کی۔انہوں نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم پر اعتراض آپ لوگوں کا حق تھا ٗآپ لوگوں کو یقین دلاتا ہوں کہ تین روز میں ٹکٹوں کی تقسیم کا جائزہ لے کر فیصلہ کروں گا، کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو جائے اس لیے اللہ سے ڈرتا ہوں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ زیادہ تر حلقوں میں واضح تھا کہ ٹکٹ کس کو ملنا چاہیے اس لیے ٹکٹ ان امیدواروں کو جاری کیے جو الیکشن لڑنا جانتے ہیں، الیکشن جیتنے کے لیے لڑ رہے ہیں کیونکہ جیتیں گے تو ملک میں تبدیلی لے کر آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کسی بھی رشتہ دار یا دوست کو ٹکٹ نہیں ملا۔انہوں نے کہاکہ سب سے مشکل کام خواتین کو ٹکٹ دینا ہے، ن لیگ میں کوئی میرٹ نہیں ہے، وہاں پر جن خواتین کو ٹکٹ ملے ان میں سے کوئی کسی کی بیوی ہے، کوئی خالہ ہے تو کوئی کسی کی بہن ہے۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اتوار کو میانوالی سے ملک گیر انتخابی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔اپنے ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہاکہ میانوالی سے انتخابی مہم شروع کرنے کے پیچھے خاص مقصد ہے کیوں کہ 2002کے انتخابات میں میانوالی کے لوگوں نے مجھے پہلی مرتبہ منتخب کیا، اگر میانوالی کے عوام میرا ساتھ نہ دیتے تو شاید آج سیاست نہ کر رہا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ میانوالی کے نوجوانوں کی بدولت
تحریک انصاف آج سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے اور میانوالی سے انتخابی مہم سے ملک میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہوگی۔انہوں نے کہاکہ اتوار کی شام میانوالی کے ہاکی اسٹیڈیم سے 2018 کی انتخابی مہم کا آغاز کروں گا جس میں میانوالی کی عوام کو شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔عمران خان نے کہاکہ پاکستان کو وہ ملک بنائیں گے جس کیلئے قائد نے کوشش اور اقبال نے خواب دیکھا اور تحریک انصاف ہی پاکستان کے عظیم خواب کو شرمندہ تعبیر کریگی۔