اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی تفصیلات عام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی معلومات ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی تاکہ امیدواروں کی تمام معلومات انٹرنیٹ پر ووٹرز کو دستیاب ہوں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق امیدواروں کے کاغذات نامزدگی میں ظاہر کیے گئے اثاثوں کی تفصیلات اور دیگر معلومات جاری کی جائیں گی۔اسی کے ساتھ امیدواروں کے حلف ناموں کی تفصیلات بھی ویب سائٹ پر جاری کی جائیں گی اور اس حوالے سے ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کا ڈیٹا اسکین کر کے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ بھجوانا شروع کر دیا ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو حلف نامہ جمع کرانا لازمی قرار دیا ہے جس کے بعد کئی امیدواروں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سرفہرست سیف اللہ فیملی ہے۔