کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک)کوئٹہ کے علاقے چمن ہاؤسنگ سکیم میں ایف سی مددگار سینٹر پر دہشتگردوں نے حملے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے اسے ناکام بنادیا ،دھماکوں کے بعد فائرنگ بھی ہوئی ، دھماکوں او رسیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں پانچوں حملہ آور مارے گئے ، فائرنگ کے تبادلے میں چار سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوگئے ، صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے مطابق یہ حملہ کلی الما س آپریشن میں زندہ بچ جانے والے دہشت گردوں نے کیا
جس میں ہمارے کچھ لو گ زخمی ہوئے ہیں تاہم صورتحال پر قابو پالیاگیاہے ۔جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے چمن ہاؤسنگ سکیم میں ایف سی مددگار سینٹر پر اچانک دہشتگردوں نے حملہ کردیا ،اس دوران سنٹر کے قریب تین دھماکے ہوئے اور اس کے بعد فائرنگ بھی شروع ہوگئی ، فوری طور پر جوابی کارروائی کے لئے سیکیورٹی فورسز فوری موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کارروائی شروع کردی ، دہشت گردوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں 5افراد ہلا ک ہوگئے جن کے حوالے سے بتایاگیا کہ وہ حملہ آور ہی تھے جنہوں نے سنٹر پر خودکش حملہ کیا، ان میں سے دو نے خود کو دھماکے سے اڑایا جبکہ دیگر تین نے فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان تینوں کو ہلاک کردیا ، ادھر سیکورٹی ذرائع کے مطابق حملے اور فائرنگ کے تبادلے میں چار سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوگئے ۔جبکہ صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے میڈیا کو بتایاکہ کارروائی میں فرار دہشت گرد ملوث لگتا ہے ، ایف سی مددگار سینٹر میں دونوں دھماکے خود کش تھے ،سرفراز بگٹی کے مطابق یہ حملہ بدھ کو آپریشن میں بچ جانے والے دہشت گردوں نے کیا ، اس وقت صورتحال کنٹرول میں ہے ، ہمارے کچھ لو گ زخمی ہیں ۔ پاک فوج کے دستوں نے بھی آپریشن میں حصہ لیا اور آپریشن مکمل ہونے کے بعد
علاقے کو کلیئر قرا ردیدیا ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہاہے کہ کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر دہشت گردی کا حملہ ناکام بنا دیا گیا اور تمام حملہ آوروں کو مار دیا گیا ، ہلاک دہشت گرد بظاہر افغانی معلوم ہوتے ہیں۔جمعرات کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کوئٹہ میں ایف سی مددگار سینٹر پر دہشت گردی کا حملہ ناکام بنا دیا گیا اور تمام حملہ آوروں کو مار دیا گیا ۔ آئی ایس پی آ ر کے مطابق دہشتگردوں نے دھماکہ خیزمواد سے بھری گاڑی
اور 5خود کش حملہ آوروں کے ساتھ ایف سی کے مددگار سنٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی ، اس دورا ن متحرک ایف سی اہلکاروں نے فائرنگ کرکے دہشتگردوں کو سنٹر میں داخل ہونے سے روکا، اس دوران تمام پانچوں دہشتگرد مار دیئے گئے ہلاک دہشت گرد ظاہری طور پر افغانی معلوم ہوتے ہیں، دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں 4ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ شب کلی الماس میں اپنے دہشتگردساتھیو ں کی ہلاکت کے جواب میں یہ کوشش کی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کے صورتحال پر قابو پالیاگیا اور علاقے کو بھی کلیئر کردیاگیا جبکہ واقعہ کوئٹہ کے نواحی علاقے میں پیش آیا۔