اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا۔اجلاس میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ایئر چیف مجاہد انور خان ، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی، آئی ایس آئی ، آئی بی ، ایم آئی کے سربراہان،وزیر دفاع، خارجہ سمیت دیگر نے شرکت کی ،اجلاس میں عسکری قیادت کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے بیان پر تحفظات کا اظہار
کیا گیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس کا اعلامیہ کچھ دیر بعد جاری کیا جائے گا۔واضح رہے کہ چند دن قبل نواز شریف نے مقامی اخبار ”ڈان“کے صحافی سرل المیڈا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے مقدمے کی کارروائی ابھی تک مکمل کیوں نہیں ہوسکی؟ ، عسکری تنظیمیں اب تک متحرک ہیں جنہیں غیر ریاستی عناصر کہا جاتا ہے، مجھے سمجھائیں کہ کیا ہمیں انہیں اس بات کی اجازت دینی چاہیے کہ سرحد پار جا کر ممبئی میں 150 لوگوں کو قتل کردیں۔