اسلام آباد (این این آئی)سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر بھارت بھیجنے کی خبر کا نوٹس ،ن لیگ نے چیئرمین نیب کیخلاف دھماکہ خیز جوابی اقدام،بات بڑھ گئی،تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کے رہنما نور احمد اعوان نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے خلاف سپریم کورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی۔درخواست گزار نے موقف اپنایا ہے کہ 8 مئی کو چیئرمین نیب نے ایک پریس ریلیز جاری کی
جس میں نواز شریف کی جانب سے پیسے بھارت منتقل کرنے کا ذکر کیا گیا۔درخواست گزار کے مطابق اعلامیے میں کہا گیا کہ مائیگریشن اینڈ ریمیٹنس بک 2016 سے اٹھائی گئی جبکہ بینک دولت پاکستان اس الزام کو 21 ستمبر 2016 کو مسترد کر چکی ہے۔درخواست گزار نے آئینی درخواست میں کہا کہ پریس ریلیز نواز شریف کو بدنام کرنے کے لیے جاری کی گئی جس کی نیب چیئرمین کی جانب سے کوئی تردید نہیں کی گئی۔درخواست کے مطابق پریس ریلیز جان بوجھ کر نواز شریف کے خلاف جاری کی گئی، جس کے اجراء سے ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان پیدا ہو چکے ہیں لہذا پریس ریلیز جاری کرنے کے عمل کی تحقیقات کرانے کا حکم دیا جائے۔درخواست گزار نے سپریم کورٹ سے استدعا کی ہے کہ چیئرمین نیب سے غیر مشروط معافی مانگنے اور انہیں عہدے سے ہٹانے کا حکم صادر کیا جائے۔درخواست گزار کی جانب سے چیئرمین نیب جسٹس(ر)جاوید اقبال کو فریق بنایا گیا ہے۔یاد رہے کہ 8 مئی کو قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے میڈیا رپورٹس پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر 4.9 ارب ڈالر بھارت بھیجنے کی خبر کا نوٹس لے کر جانچ پڑتال کا حکم دیا تھا۔