اسلام آباد (این این آئی)چیف جسٹس پاکستان ایک کیس کی سماعت کے دوران بھارتی عدالت کے فیصلوں کا حوالہ دینے پر برہم ہوگئے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں بچے کی حوالگی سے متعلق کیس کی سماعت جاری تھی کہ اس دوران وکیل نے بھارتی عدالت کے فیصلے کی کاپی پیش کی۔اس پر چیف جسٹس وکیل پر برہم ہوگئے اور بھارتی عدالت کے فیصلوں کی پیپربک اٹھا کر ایک طرف رکھ دی۔
چیف جسٹس نے وکیل سے مکالمہ کیا کہ پاکستان کا قانون خاصا پختہ ہوچکا ہے ٗبھارت کے قوانین اور عدالتی فیصلے سپریم کورٹ میں پیش نہ کیے جائیں، صرف پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کی نظیر پیش کی جائے۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ پاکستان کا قانون اسلامی اصولوں پر بنا ہے، غیر ملکی قوانین اور پاکستان کے قوانین میں مماثلت نہیں ہے۔چیف جسٹس کے ریمارکس پر بھارتی عدالت کے فیصلے کی کاپی پیش کرنے والے وکیل نے معذرت کرلی۔