راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کی جانب سے شہداء اور غازیوں کو اعزازات سے نواز ا گیا ہے ، یہ اعزازات شہداء کے لواحقین نے وصول کئے ، 2افسروں کو تمغہ جرات اور33افسران اور جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جمعرات کو جنرل ہیڈ کوارٹرز میں تقسیم اعزازات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں تقریب میں عسکری حکام،غازیوں اورشہدا کے لواحقین نے شرکت کی اور شہداکے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کیے۔آئی ایس پی آرکا کہنا تھا کہ 2افسروں کوتمغہ جرات،33 افسران اورجوانوں کوتمغہ بسالت دیا گیا جبکہ 4افسروں اورجوانوں کو یو این میڈل دیا گیا اور 32 افسران کوستارہ امتیازملٹری سے نوازا گیا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک میں امن واستحکام غازیوں اور شہداء کا مرہون منت ہے ۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ملک کی خاطر جان قربان کرنے والے شہدا اورغازیوں کی ماؤں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، یہی شہید نوجوان ہی ہمارے اصل ہیرو ہیں جب کہ کوئی بھی میڈل شہدا کی قربانی کانعم البدل نہیں ہوسکتا، شہدا کے ورثا کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے۔پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شہدا اورغازیوں کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم یہاں کھڑے ہیں اور امن کی جانب گامزن ہیں، پاکستان نے دہشت گردوں کواٹھا کر باہر پھینک دیا ہے تاہم دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی جاری ہے جب کہ جو قومیں اپنے شہدا کو بھلادیتی ہیں، دنیا سے ان کا نام ونشان مٹ جایا کرتا ہے۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہماری قوم کی یادداشت تھوڑی کمزور ہے لیکن ہم نے اپنے شہدا کو یاد رکھنا ہے، فاٹا میں ابھی امن آیا تو کچھ لوگوں نے نئی تحریک شروع کردی لیکن میں تمام لوگوں سے کہنا چاہتا ہوں جب تک یہ قوم فوج کے پیچھے کھڑی ہے اس ملک کو کچھ نہیں ہوگا اور ملک دشمنوں کے لیے پیغام ہے کہ وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔