لندن (سی پی پی )نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 2018 میں دنیا میں سب سے زیادہ سراہے جانے والی شخصیات کی فہرست میں جگہ بنالی۔برطانوی نیوز ویب سائٹ یوگو کی سالانہ جائزہ رپورٹ کے مطابق ملالہ یوسفزئی اس فہرست میں ساتویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہیں جب کہ عمران خان 20 ویں نمبر پر براجمان ہیں۔یہ فہرست مجموعی طور پر 20 خواتین اور 20 مرد حضرات پر مشتمل ہے،
جس کے نتائج کے لیے 35 ممالک کے 37 ہزار افراد سے آن لائن انٹرویو کیا گیا۔مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے مردوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں جب کہ خواتین کی فہرست میں امریکی اداکارہ انجلینا جولی سرفہرست رہیں۔بل گیٹس کے بعد دوسرے نمبر پر سابق امریکی صدر براک اوباما، تیسرے نمبر پر معروف چینی اداکار جیکی چین اور چوتھے نمبر پر چین کے صدر شی جن پنگ سب سے زیادہ پسند کی جانے والی شخصیات میں شامل ہیں۔دوسری جانب خواتین کی فہرست میں دوسرے نمبر پر سابق امریکی صدر براک اوباما کی اہلیہ مشعل اوباما اور تیسرے نمبر پر امریکی اداکارہ اوپرا ونفرے پسند کی جانے والی شخصیات قرار پائیں۔دنیا میں سب سے زیادہ تعریف وصول کرنے والی خواتین کی فہرست میں 14 خواتین ایسی تھیں جو ہالی وڈ، بالی وڈ، گلوکاری یا میڈیا انڈسٹری سے تعلق رکھتی ہیں۔اس فہرست میں بالی وڈ اداکاراؤں میں ایشوریا رائے بچن نے 11 ویں، پریانکا چوپڑہ نے 12 ویں اور دپیکا پڈوکون نے 13 ویں نمبر پر اپنی جگہ بنائی۔