اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور روس نے داعش کے عالمی سطح پر بڑھتے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عراق اور شام میں داعش کے خلاف کامیابیاں حاصل ہوئیں تاہم داعش کا دیگر ممالک کی طرف رخ کرنا تشویشناک ہے۔بدھ کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور روس کے مشترکہ انسدادِ دہشتگردی گروپ کا 7واں اجلاس دفتر خارجہ میں ہوا۔ پاکستانی وفد کی قیادت وزارتِ خارجہ کے ڈائریکٹر انسدادِ دہشتگردی احمد فاروق جبکہ روسی وفد کی قیادت روسی ہم منصب الیہ راگوشیو
نے کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں علاقائی اور عالمی سطح پر درپیش دہشتگردی کے خطرات اور دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے پالیسیز کا جائزہ لیا گیا۔ پاکستانی وفد نے روسی وفد کو نیشنل ایکشن پلان کے نتیجے میں دہشتگردی کے خلاف حاصل ہونے والی کامیابیوں سے آگاہ کیا۔ دونوں ملکوں نے داعش کے عالمی سطح پر بڑھتے اثر و رسوخ پر تشویش کا اظہار کیا۔ ترجمان کے مطابق عراق اور شام میں داعش کے خلاف کامیابیاں حاصل ہوئیں تاہم داعش کا دیگرممالک کی طرف رخ کرنا تشویشناک ہے۔