لاہور (آن لائن)لاہور ہائی کورٹ نے سینیٹ کے انتخابات کو کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیکر مسترد کردیا اور قرار دیا کہ اس معاملے پر پہلے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جانا چاہیے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے مقامی وکیل رانا علم الدین کی درخواست پر سماعت کی جس میں الیکشن کمیشن پاکستان، وفاقی حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور سینیٹ انتخابات کو چیلنج کیا گیا۔ درخواست گزار کے
مطابق سینیٹ انتخابات میں بد ترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی اور الزام لگایا کہ ارکان اسمبلی پارلیمنٹرینز نے اپنے آپ کو بیچا ہے۔ درخواست گزار نے اعتراض اٹھایا کہ ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ارکان اسمبلی آئین کے آرٹیکل 62اور 63 پر پورا نہیں اترتے اور انہیں اسمبلی میں بیٹھنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ سینیٹ انتخابات کے نتائج کے ساتھ ساتھ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن بھی کالعدم قرار دیئے جائیں ۔