واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب سے چار ارب ڈالر فوری ادا کرنے کا کہہ دیا، واشنگٹن پوسٹ کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان کے مابین گزشتہ سال دسمبر میں فون پر بات ہوئی تھی، اس فون کال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ان سے 4 ارب ڈالر فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور یہ رقم شام میں تعمیر نو کے کاموں میں خرچ کی جائے
گی اور جنگ کی تباہ کاریوں کا ازالہ کرنے کے بعد امریکہ کے شام سے انخلاء کی راہ ہموار ہو گی۔ واشنگٹن پوسٹ کی اس رپورٹ کے مطابق امریکہ سعودی عرب کے علاوہ بھی دوسرے کئی ممالک سے رقم کا تقاضا کر رہا ہے تاکہ شام کے جنگ سے تباہ ہونے والے علاقوں میں بحالی کا کام ہو سکے۔ واضح رہے کہ یہ وہ علاقے ہیں جو امریکی فوج اور اس کے مقامی اتحادیوں نے شدت پسند تنظیم داعش سے خالی کروائے ہیں۔