واشنگٹن(این این آئی)امریکی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ عہدیدارنے کہاہے کہ پاکستانی حکومت طالبان اور دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کی خاطر انتہائی کم اقدامات کر رہی ہے۔پاکستان امریکی مطالبات پورا نہیں کرتا تو پاکستان کو دو ارب ڈالر کی امداد روکی جا سکتی ہے۔فرانسیسی خبررساں ادارے سے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ مطالبات کے باوجود پاکستانی حکومت کی طرف سے انتہا پسندوں کے خلاف کارروائی کی رفتار انتہائی سست اور کم ہے۔اس امریکی عہدیدار نے اپنا
نام ظاہر کیے بغیر بتایا کہ طالبان اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کے لیے پاکستان پر دباؤ مزید بڑھانا ہو گا۔پاکستان میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے اس عہدیدار کا مزید کہنا تھاکہ ہم پاکستانی حکام سے خاص درخواستیں کرتے رہتے ہیں اور انہیں معلومات بھی فراہم کرتے ہیں، جن پر وہ ردعمل بھی ظاہر کرتے ہیں۔ لیکن ہم نے یہ نہیں دیکھا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف اپنے طور پر کارروائی کر رہے ہیں۔