اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین سینٹ کیلئے مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہو چکی، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاامیدوارہماری پارٹی کاہوگا یا ہماری مرضی سے ہوگا، سب سے بڑے بزنس مین آصف زرداری ہیں، ن لیگ کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان کی منیر ہائوس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے گفتگو۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے
دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ اپنی اتحادی جماعتیں کی بدولت چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل کر چکی ہے۔ منیر ہائوس اسلام آباد کے باہر ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کیلئے ہمارے نمبرمطلوبہ تعداد سے کہیں زیادہ ہیں۔چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کاامیدوارہماری پارٹی کاہوگا یا ہماری مرضی سے ہوگا۔انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری گنتی 58ارکان تک پہنچ چکی ہے۔ہم ہوا میں بات نہیں کرتے حقائق پربات کررہے ہیں۔فاٹا کےسینیٹرز بھی ہمارے ساتھ آن ملے ہیں تاہم ان سے کچھ امور پر بات چیت جاری ہے۔ مشاہد اللہ خان نے پیپلزپارٹی کے کو چیئرمین آصف علی زرداری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سب سے بڑے بزنس مین آصف زرداری ہیں۔نوازشریف نے رضا ربانی کی بات کی ہے توان کا نام انفرادی طورپردیا تھا،اس کاپیپلزپارٹی سے تعلق نہیں۔مشاہد اللہ خان نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے امیدواروں کااعلان آج یا کل صبح تک کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ آج صبح نواز شریف کی زیر صدارت منیر ہائوس اسلام آباد میں ن لیگ اور اس کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نیشنل پارٹی، پشتونخواہ میپ سمیت جے یو آئی اور ایم کیو ایم بی آئی بی اور بہادرآباد گروپس نے شرکت کی۔
بلوچستان میں ن لیگ کے اتحادی میر حاصل خان بزنجو نے میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ حکمران جماعت ن لیگ اور اتحادوں جماعتوں کے اجلاس میں چیئرمین سینٹ کا متفقہ امیدوار لانے کا اختیار نواز شریف کو دے دیا گیا ہے ، نواز شریف جس کو بھی چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کیلئے منتخب کریں گے وہ سب کو قبول ہو گا۔