اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) چوہدری نثار نے نواز شریف کے مبینہ بیان پر تفصیلی جواب ایک دو روز میں دینے کا اعلان کردیا۔ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے ترجمان نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا کہ چوہدری نثار علی خان نواز شریف کے مبینہ بیان پر ایک دو روز میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی بیان دیں گے واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے اداروں کے ساتھ محاذ آرائی سے روکنے والے تین دہائیوں کے ساتھی چوہدری نثار سے راستہ جدا کر لیا اور خصوصی ہدایت پر چوہدری نثار کو مرکزی مجلس عاملہ
کے اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا، شہباز شریف، ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق نے نواز شریف کو منانے کی بھرپور کوشش کی مگر وہ نہیں مانے یہ تینوں رہنما رات گئے تک نواز شریف کو منانے کی کوشش کرتے رہے مگر نواز شریف نے کہا کہ جس موقف کی عوام نے حمایت کی اس سے اختلاف کرنے والے کیلئے جگہ نہیں، عوام نے میرے بیانیے کی بھرپور حمایت کی جبکہ چوہدری نثار نے سرعام میرے بیانیے کی مخالفت کی اس لیے ایسا نہیں ہو سکتا کہ مخالفت بھی کی جائے اور اس کو اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی جائے۔