لاہور (ا ین این آئی) آشیانہ ہاسنگ سکینڈل میں گرفتار سابق ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی احد چیمہ سے ان کی اہلیہ کی ملاقات کرا دی گئی جوایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جاری رہی ۔تفصیلات کے مطابق احد چیمہ کی اہلیہ کی جانب سے الزامات عائد کئے گئے تھے کہ درخواست کے باوجود ان کی احد چیمہ سے ملاقات نہیں کرائی جا رہی جو باعث تشویش ہے۔جس پر گزشتہ روز احد چیمہ سے ان کی اہلیہ کی ملاقات نیب آفس میں ہی کرائی گئی ۔
اس موقع پر دونوں کے درمیان الزامات کے حوالے سے گفتگو کی گئی ۔احمد چیمہ نے بتایا کہ مجھ پرتشدد نہیں کیا جا رہا۔صائمہ احد نے نیب کی حراست میں موجود اپنے شوہر کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری اور بیورو کریسی آپ کے ساتھ ہیں اور آپ کی رہائی کیلئے قانونی چارہ جوئی بھی کی جا رہی ہے۔ احد چیمہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے صائمہ احد نے کہا کہ احد چیمہ کی صحت تسلی بخش ہے اورجس جگہ احد چیمہ کو بھی رکھا گیا ہے وہ بھی بہتر جگہ ہے ۔ترجمان نیب کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بیگم احد چیمہ کو ملاقات کی اجازت دی ۔احمد چیمہ سے انکی اہلیہ کی ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ سے زائد جاری رہی جس میں کسی قسم کی کوئی رخنہ اندازی نہیں ڈالی گئی ۔ ترجمان کے مطابق نیب ہر شخص کی عزت و نفس کا قانون کے مطابق خیال رکھتا ہے ، احمد چیمہ نیب کی تحویل میں ہشاش بشاش ہیں ۔نیب قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دے رہا ہے ، نیب کسی کے ساتھ ناروا اور امتیازی سلوک پر یقین نہیں رکھتا ۔