ممبئی(سی پی پی )بالی وڈ کی ’ہوا ہوائی گرل‘ سری دیوی کے 24 فروری کو ہونے والی اچانک موت سے نہ صرف بھارتی فلم انڈسٹری بلکہ دنیا بھر میں موجود ان کے کروڑوں مداح غمزدہ ہیں۔اگرچہ تاحال ان کی اچانک موت کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی طور پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ حرکت قلب بند ہونے کے باعث چل بسیں۔لیکن اب ان کے مرنے سے قبل آخری لمحات کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد معاملہ مزید
پیچیدہ ہوگیا ہے۔سری دیوی کی زندگی کے آخری 15 منٹس کی تازہ رپورٹس سامنے آنے کے بعد یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سری دیوی کی زندگی کی آخری 15 منٹ کی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ اداکارہ کی موت باتھ روم میں نہانے کے دوران ’باتھ ٹب‘ میں ہی ہوئی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سری دیوی دبئی میں بونی کپور کے بڑے بھتیجے موہت مرواہ کی شادی کی تقریب میں شوہر اور چھوٹٰی بیٹی کے ساتھ گئی تھیں، تاہم شادی ختم ہونے کے بعد ان کے شوہر واپس ممبئی آگئے تھے۔ رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ ممبئی واپس آنے کے بعد بونی کپور پھر واپس 24 فروری کی شام قریباًساڑھے بجے دبئی کے اس ہوٹل پہنچے جہاں ان کی اہلیہ ٹھہری ہوئی تھیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ بونی کپور اپنی اہلیہ کو سرپرائز دینا چاہتا تھا، اور ہندوستان سے واپس آتے ہی دونوں نے رات کا کھانا باہر جاکر کھانے کا پروگرام بنایا۔رپورٹ بتاتی ہے کہ سری دیوی نے تیار ہونے کے لیے شوہر سے 15 منٹ مانگے، اور وہ نہانے کے لیے باتھ روم چلی گئیں۔رپورٹ کے مطابق جب سری دیوی نے باتھ روم سے باہر آنے میں زیادہ وقت لیا تو بونی کپور نے دروازہ کھٹکھٹا کر انہیں باہر آنے کے لیے کہا،
مگر اندر سے کوئی آواز نہ آئی، جس پر فلم پروڈیوسر نے کسی طرح باتھ روم کا دروازہ خود کھولا اور اہلیہ کو پانی سے بھرے باتھ ٹپ میں بے جان دیکھ کر حیران رہ گئے۔ رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ ایسی صورتحال میں بونی کپور نے مدد کے لیے اپنے ایک دوست کو بلایا اور بعد میں پولیس کو بھی اطلاع دی گئی۔ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبر میں ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو سری دیوی کے موت کی اطلاع رات 9 بجے دی گئی۔خبر میں سری دیوی کے دیور و اداکار سنجے کپور کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انہوں نے عرب اخبار خلیج ٹائمز کو بتایا کہ وہ یہ سن کر حیران رہ گئے کہ اداکارہ کا انتقال حرکت قلب سے ہوا۔