اسلام آباد(سی پی پی) انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد سمیت 4 مقدمات میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی جبکہ حاضری سے مستقل استثنیٰ اور بریت کی درخواست پر استغاثہ کو نوٹس جاری کردیا گیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کے خلاف 4 مقدمات زیر سماعت ہیں
جن میں پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ، سابق ایس ایس پی اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو پر تشدد اور لاوڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کا کیس بھی شامل ہے۔انسداد دہشت گردی عدالت میں عمران خان کیخلاف مقدمات کی سماعت شروع ہوئی تو پی ٹی آئی چیئرمین کمرہ عدالت میں موجود نہیں تھے، جس پر سماعت میں 10 بجے تک کا وقفہ کردیا گیا۔وقفے کے بعد سماعت کے دوبارہ آغاز پر پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ان کے وکیل بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کوثر عباس نے عمران خان کیخلاف پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ سمیت 3 مقدمات کی سماعت کی اور پی ٹی آئی چیئرمین کی آئندہ سماعت پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے حاضری سے مستقل استثنیٰ اور بریت کی درخواست پر استغاثہ کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے بھی عمران خان کے خلاف ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی چیئرمین کی آیندہ سماعت پر حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے حاضری سے مستقل استثنی اور بریت کی درخواست پر استغاثہ کو نوٹس جاری کردیا اور سماعت 13 مارچ تک ملتوی کردی۔