اسلام آباد(سی پی پی) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جناح ہسپتال کراچی کی بہتر کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے ڈاکٹر سیمی جمالی کو ایک لاکھ روپے کا انعامی چیک بھیج دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ رجسٹری میں کیس کی سماعت کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے اچانک دورہ کرنے کا اعلان کیا اور وہ کچھ ہی دیر بعد جناح ہسپتال پہنچے۔جسٹس ثاقب نثار نے جناح ہسپتال پہنچنے کے بعد ایمرجنسی،
انتہائی نگہداشت وارڈ، نیوروسرجری اور ریڈیا لوجی سمیت دیگر شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے سٹاف کی خدمات کو قابل تعریف قرار دیا تھا۔چیف جسٹس نے ڈاکٹر سیمی جمالی کو جناح ہسپتال میں بہترین انتظام چلانے پر سراہا اور صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔جسٹس ثاقب نثار نے اپنے وعدے کے مطابق بہترین کارکردگی دکھانے پر اپنے ذاتی اکاونٹ سے ایک لاکھ روپے کا انعامی چیک ڈاکٹر سیمی جمالی کو بھیجا۔