اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ پی آئی اے کو 2013ء سے 2015ء کے دوران اومان اور کویت کے روٹس پر 11 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ نقصان کی وجہ سے ان روٹس پر پروازیں بند کی گئیں۔ جمعرات کو ایوان بالا میں سینیٹر شیری رحمان کے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے پاس اس وقت 13 اپنے جہاز ہیں جبکہ باقی جہاز ڈرائی لیز پر لئے گئے ہیں جن میں سے چار جہاز کچھ دن پہلے معاہدے کی مدت ختم ہونے کی وجہ
سے واپس کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء میں اومان اور کویت کے روٹس پر پی آئی اے کو چار کروڑ40 لاکھ روپے، 2014ء میں تین کروڑ 10 لاکھ روپے اور 2015ء میں 3 کروڑ 70 لاکھ روپے کا نقصان ہوا جس کے بعد پی آئی اے کے لئے مشکل ہو گیا تھا کہ وہ ان پر پروازیں جاری رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی صورتحال مسلسل خراب ہو رہی ہے۔ فضائی کمپنی کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو اس کی بہتری کے لئے اقدامات تجویز کرے۔